اللہ تعالٰی کا بہت احسان، کرم اور شکر ہے کہ اس نے ہمیں بھی دینِ اسلام کی خدمت کے لئے پسند فرمایا۔ دنیا میں کسی نہ کسی جگہ کوئی نہ کوئی ایسی جماعت ہوتی ہے جو اللہ تعالٰی کے حکم سے دین کی ترقی اور مسلمانوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہوتی ہے۔ اسی طرح ہم چند دوستوں نے یہی بات سوچ کر کہ ہمیں بھی دینِ اسلام کی خدمت کے لئے کوئی کام کرنا چاہئے جس سے ہمیں ہمارے رب کی رضا حاصل ہو اور ہمیں آخرت میں فائدہ ہو اور ہمارے ساتھ ساتھ باقی تمام مسلمان بھائیوں اور بہنوؤں کو فائدہ ہو۔ اس بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ہم نے یہ پروجیکٹ یعنی سائیٹ آف اسلام کو بنانا شروع کیا ہے۔ اگر کوئی مسلمان خلوصِ نیت کے ساتھ کوئی بھی کام رب تعالٰی کی رضا حاصل کرنے کے لئے کرے گا تو ہم سب کا رب اسے ضرور اجر دے گا۔ اس لئے ہم سب کو چاہئے کہ ہم خلوصِ نیت کے ساتھ رب تعالٰی کی رضا حاصل کرنے کے لئے اچھے کام کریں۔ آپس میں نفرتیں پیدا کرنے کی بجائے باہمی اتحادومحبت پیدا کریں۔ آج دنیا کہاں کی کہاں پہنچ گئی ہے لیکن آج امتِ مسلمہ بہت زیادہ مسائل کا شکار ہے۔ کہیں غیر مسلم دہشت گرد قرار دے کر مارتے ہیں تو کہیں اسلام کا نام لے کر جو جی میں آیا کر دیا جاتا ہے۔ تو کہیں مسلمان فرقہ واریت میں پڑے ہوئے ہیں جس میں ایک دوسرے کو کافر قرار دیا جا رہا ہے۔ آخر کب تک یہ سب چلے گا؟ کتنے بے گناہوں کو صرف اس بات کی سزا دی جائے گی کہ وہ مسلمان ہیں؟ اے امتِ مسلم ذرا اس بات پر بھی سوچو!
آج سے تقریباً چودہ سو سال پہلے جو دین ہمارے لئے آیا وہ امن و اتحاد کا دین اور خوشی و مسرت کا پیغام تھا۔ جس دین نے آکر ہر طرف اجالا کر دیا۔ علم کی ایک ایسی شمع روشن کی جس نے پوری کائنات کو منور کردیا۔ علم کو فتح دے کر جہالت کو ختم کر دیا۔ لیکن آج اسی کے ماننے والے متحد ہونے کی بجائے ایک دوسرے کو نیچا دیکھانے کے لیے بیان بازی کر رہے ہیں۔ علم سے دنیا سنوارنے کی بجائے جہالت سے اندھیرا کیا جارہا ہے۔
اے امتِ مسلمہ علم اور محبت سے کام سنوارو اسلام نے تو ساری دنیا محبت و پیار سے جیتی تھی۔ ایک دوسرے کو بلاوجہ اور نظریات کے اختلاف پر دُکھ دینے سے اگر اسلام نافذ ہوتا تو آج دنیا میں کوئی مسلمان نہ ہوتا۔ ہمارے نبی ﷺ نے تو امن و امان اور بھائی چارہ کا درس دیا لیکن آج ہم لوگوں کو کیا ہو گیا ہے؟کہ ہم نے امن و امان اور بھائی چارہ کی بجائے فرقہ واریت کو دین سمجھا ہوا ہے۔ ابھی بھی وقت ہے کہ ہم اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور سیدھی راہ پر چلیں اگر ایسا نہ کیا، قرآن و سنت کی بتائی ہوئی راہ پر نہ چلے، متحد نہ ہوئے، باہمی جھگڑوں کو ختم نہ کیا تو اس کا مطلب صاف واضح ہے کہ ہم اللہ تعالٰی کی رحمت کے طلبگار ہی نہیں اور ہم ساری انسانیت کو دین حق سے دور، اشاعت و تبلیغ دین کی بجائے حق کو کمزور، لوگوں کے دلوں میں نفرت اور باہمی جھگڑا پیدا کر رہے ہیں۔ غیر مسلموں کے سامنے اسلام کا غلط نقشہ کھینچ رہے ہیں اور اپنے دین حق سے سراسر غداری کر رہے ہیں۔ جو چیزیں ساری امتِ مسلم میں تقریباً ٪95 متفرق ہیں اُن کی طرف آؤ تھوڑے سے اختلافات جو صرف ٪5 ہیں اُن کو سامنے رکھ کر تفرقہ بازی کی طرف نہ جاؤ۔ خدارا متحد ہو جاؤ۔ اے امتِ مسلمہ قرآن کے مطابق اللہ تعالٰی کی رسی کو مضبوطی سے پکڑو اور تفرقہ میں نہ پڑو۔ اگر کسی دوسرے مسلمان بھائی سے اسلامی مسئلے میں کوئی اختلاف آتا ہے تو ایک دوسرے کو قرآن و حدیث کی روشنی میں سمجھاؤ اگر پھر بھی کوئی راہ نہ نکال پاؤ تو کم از کم بیان بازی، دل دکھانے والی تقاریر اور لڑائی سے بچو اور باقی لوگوں کو فرقہ واریت سے دور رہنے دو۔
اے امتِ مسلمہ خلوصِ نیت کے ساتھ میدان میں اُترو سچائی کی تلاش میں نکلو۔ سرچ کرو کہ اسلام کیا ہے؟ پھر خود سب کچھ جان جاؤ گے۔ اُن علمائے حق سے ملو جو امن اور بھائی چارہ،عبادات اور ہر اس اچھی بات کا درس دیتے ہیں جس سے دنیا و آخرت سنور جاتی ہے۔ اور سب سے بڑھ کر قرآن سے رابطہ کرو جو ہر دور کی جدید ترین اور ہر قسم کے علوم کی ایک مکمل کتاب ہے اور جو حق ہے۔سنت نبویﷺ اختیار کرو تو پھر دیکھو دین و دنیا کیا ہے۔ پھر پتہ چلے گا کہ اسلام کیا ہے۔ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے جس میں ایک اچھی زندگی گزارنے کا طریقہ بتایا گیا ہے۔ نہ کہ وہ اسلام اور وہ دنیا ہے جسے ہم علیحدہ علیحدہ کر رہے تھے۔ اے امتِ مسلمہ آؤ سب مل کر اسلام کا اصل مطلب پوری دنیا پر واضح کریں اور رب تعالٰی سے دعا کریں کہ:۔
اے دلوں کو پھیرنے والے ہمارے خدا ہمارے دلوں کو اپنے دین کی طرف پھیر دے۔ اے ہمارے اللہ تعالٰی تو جانتا ہے، سب کچھ دیکھ رہا ہے اور تجھے معلوم ہے کہ تیرے یہ بندے کیا کر رہے ہیں، کیا کر بیٹھے ہیں اور کیا کرنے والے ہیں۔ اے ہمارے پروردگار ہماری مدد فرما، ہم جو گناہ کر بیٹھے ہیں ان پر در گزر فرما اور ہمیں آئندہ گناہوں سے بچنے کی توفیق عطاء فرما۔ اے ہمارے رب ہمیں ہدایت نصیب فرما، ہمیں دنیاوی و ذاتی شہرت اور مال و دولت کی بے جا حرص سے بچا، دین کا طلبگار بنا دے، دین کو سمجھنے اور اس کی خدمت کرنے کی توفیق عطاء فرما۔ اے ہمارے پروردگار ہم تیری رضا چاہتے ہیں ہمیں اس راستے پر چلا جس میں تیری رضا ہو، ہمیں علم کی دولت عطاء کر دےبے شک تو ہر چیز پر قادر ہے۔ جو لوگ تیرے دین کے لئے خلوصِ نیت سے کام کر رہے ہیں ان کی مدد فرما انہیں اس دنیا اور آخرت میں کامیاب کر دے اور جو لوگ دنیاوی و ذاتی شہرت اور مال و دولت کے لئے تیرے دین کا کام کرتے ہیں انہیں سیدھی راہ دیکھا دے۔ اے ہمارے رب امتِ مسلمہ میں اتحادومحبت پیدا فرما اور باہمی اختلافات کو ختم کر دے۔ ہمارے رب ہماری دعائیں قبول فرما بے شک تو بہتر دعا قبول کرنے والا ہے۔ (آمین)
صحابہ رضوان اللہ اجمعین سے محبت
اعوذباللہ من الشیطن الرجیم
بسم اللہ الرحمن الرحیم
السلام علیکم و رحمۃ وبرکۃ